منگلورو4؍نومبر (ایس او نیوز)منگلورو انٹر نیشنل ایئر پورٹ پر ڈائریکٹوریٹ آف ریوینیوانٹلی جنس(DRI)کے افسران نے بیت الخلا میں چھپا کررکھے گئے 1166.5گرام سونے کے بسکٹ ضبط کرلیے ہیں۔
موصولہ رپورٹ کے مطابق ڈی آئی آر کے افسران کو مصدقہ اطلاع ملی تھی کہ اسپائس جیٹ کی فلائٹ SG60 کے ذریعے دبئی سے آنے والے ایک نامعلوم مسافر نے امیگریشن ایریا سے متصل ایک ٹوائلیٹ میں سونے کے بسکٹ والا پیکیٹ چھوڑ رکھا ہے جسے بعد میں صفائی عملے کے ذریعے وہاں سے نکال لیا جائے گا۔
ا س اطلاع کی بنیاد پر ڈی آر آئی کے ریجنل افسران نے مذکورہ ٹوائلیٹ پر چھاپہ مارا اور تلاشی کے دوران کالے انسولیشن ٹیپس میں لپیٹ کر رکھاگیا ایک چھوٹا سا پیکیٹ دستیاب ہوا جس کے اندر غیر ملکی نشان والے 24کیریٹ کے 10عدد سونے کے بسکٹ موجود تھے۔جس کی موجودہ مارکیٹ قیمت کااندازاہ 34,17,845 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔